• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر: بڑی مقدار میں منشیات برآمد، 4 ڈرگ ڈیلر گرفتار

مانچسٹر میں ایک شپنگ کنٹینر کے نیچے سے 80 ملین پاؤنڈ مالیت کی کوکین برآمد ہونے کے بعد 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے کہا کہ ان افراد کو میرنگٹن، شروپ شائر میں ایک گھر سے 847 اعشاریہ50 کلو گرام اے کلاس منشیات برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا۔

یہ اس وقت سامنے آیا جب بارڈر فورس نے گزشتہ سال 23 دسمبر کو ایسیکس میں ٹلبری ڈاکس میں کارگو کی تلاشی لی اور پولیس کو شک گزرا جس کے بعد تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

کنٹینر میں پروڈکٹ کے نیچے کوکین کے بلاکس تھے، جن پر اوپر اور نیچے نشانات تھے۔

این سی اے کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر 0 4 سال کی ایک خاتون کو بھی منی لانڈرنگ کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تاہم اسے رہا کر دیا گیا۔

این سی اے کے آپریشنز منیجر ڈیوڈ فلپس نے کہا کہ ادارہ اندرون اور بیرون ملک شراکت داروں کے ساتھ انتھک کام کرتا ہے تاکہ عوام کو منشیات کے خطرے سے بچایا جا سکے، جو برطانیہ بھر کی کمیونٹیز کو تباہی کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوکین کا ایک بہت اہم ذخیرہ ہے اور اس کی ضبطی سے اس کی درآمد کے پیچھے منظم جرائم کے گروہ کو بڑا نقصان پہنچے گا اور ان کی حوصلہ شکنی ہو گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید