• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی

کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی،شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو بھی زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون تھانے کی حدود کورنگی ایک نمبر y ایریا میں تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہوئے ،ڈاکو جب ڈھائی نمبر چنیوٹ اسپتال کے قریب پہنچے آگے کچھ لوگ بیٹھے تھے جن میں سے ایک شہری نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا اور انھیں پکڑنے کی کوشش کی۔ ایس ایچ او عتیق الرحمن کے مطابق شہری کافی دور تک ڈاکوئوں کے پیچھے بھاگا اور اس نے پیچھے بیٹھے ایک ڈاکو کو پکڑ کر موٹر سائیکل سے روڈ پر گرا دیا۔ اس دوران اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شہری جاں بحق ہو گیا۔قریب موجود شہریوں نے گرے ہو ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ جاں بحق شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 40سالہ سعد اللہ کے نام سے ہوئی۔اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچی اور زخمی ڈکیت کو گرفتار کر کے اسپتال منتقل کیا جس کی شناخت ابتدائی طور پر محمد سبحان کے نام سے ہوئی ہے۔گرفتار ڈکیت سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے،پولیس کے مطابق ملزم کے مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔واضح رہے رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 8ہو گئی ہے ۔
ملک بھر سے سے مزید