• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ داخلہ سندھ کا زیرِ حراست نوجوان کی موت کی تحقیقات کا حکم

سندھ کے وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار — فائل فوٹو
سندھ کے وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار — فائل فوٹو

سندھ کے وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی پولیس کے تشدد سے زیرِ حراست شہری کی ہلاکت کا سخت نوٹس لے لیا۔

صوبائی وزیرِ داخلہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی جنوبی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

انہوں نے کہا ہے کہ انکوائری کی جائے کہ شہری پولیس کسٹڈی میں کیسے ہلاک ہوا؟ مجھے رپورٹس کے ساتھ واقعے کی شفاف تحقیقات چاہئیں۔

وزیرِ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی ملوث پایا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کا فرض ہے، اس واقعے میں پولیس کی جانب سے فرض کی ادائیگی کی کوئی کوتاہی برتی گئی تو سخت کارروائی ہو گی۔

انہوں نے ایس ایس پی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مجھے واقعے میں پیش رفت سے متعلق آگاہ رکھا جائے۔

خیال رہے کہ وقاص نامی نوجوان شہری کو گزشتہ روز پریڈی تھانے کے کانسٹیبل اسامہ کی بائیک سے ٹکرانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

پریڈی تھانے کے لاک اپ میں پولیس تشدد سے شہری کی موت ہو گئی۔

قومی خبریں سے مزید