• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے، بدلہ لینے کا سوچا تو مخالفین برداشت نہیں کرسکیں گے، تحریک انصاف، مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاج، مظاہرے، گرفتاریاں

کراچی ، پشاور ، لاہور، کوئٹہ (نیوز ایجنسی، نیوز ڈیسک) عام انتخابات 2024ء کو ایک سال مکمل ہونے پر مبینہ دھاندلی کیخلاف تحریک انصاف کا ملک بھر میں احتجاج ، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ، گرفتاریاں ، پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی سمیت 9افراد کو ملتا ن سے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی کے مطابق سندھ سے اس کے 25 سے زائد کارکنوں اور رہنمائوں کو گرفتار کیا گیا ہے، آزاد کشمیر سے بھی پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریاں ہوئیں، آزادکشمیر قانون سا ز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کو گھر پرنظر بند کردیا گیا۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ اداروں سے ہمارا ٹکراؤ ہو کیونکہ یہ ادارے ہمارے ادارے ہیں، فاصلوں کا بڑھنا خطرناک ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے بدلہ لینے کا سوچ لیا تو پھر ہمارے مخالفین برداشت نہیں کر سکیں گے لیکن نفرتیں بڑھنے کا نقصان پاکستان کو ہو گا۔ چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گے ، عمران خان کہہ چکے ہیں کہ وہ ملک کی خاطر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ملک مشکل مرحلے پر کھڑا ہے اس کے لیے راستہ نکالنا ہو گا، پاکستان کی سیاست عمران کے بغیر نہیں چل سکتی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سیاہ منایا گیا۔ کراچی میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، کراچی کے صدر راجا اظہر اور جنرل سیکریٹری ارسلان خالد کی قیادت میں کراچی پریس کلب کے باہر مینڈیٹ کی چوری کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ لاہور میں پی ٹی آئی کے روپوش مرکزی رہنما حماد اظہر بھی میدان میں آگئے۔ رپورٹ کے مطابق رہنما حماد اظہر کی قیادت میں پی پی 161 میں8 فروری کے حوالے سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں کارکنا ن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سابق رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کی سینئر نائب صدر منورہ منیر کی قیادت میں 8 فروری کے انتخابات کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر 8 فروری کے انتخابات میں مینڈیٹ چوری کرنے کے خلاف نعرے درج تھے۔ صوابی میں جلسہ عام سے خطاب میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ وہ یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اداروں اور عوام میں فاصلے بڑھ رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید