کراچی(رپورٹ/اختر علی اختر)2025کا آغاز روپ نگر کی حسین وجمیل شہزادیوں اور فنکاروں کے لیے جیون ساتھی کی بے شمار خوشیاں لے کر آیا ہے۔ فلم اور ٹی وی کے فنکاروں کی آپس میں شادیوں کا سلسلہ جاری وساری ہے۔روپ نگری کی شہزادیوں کی شادیوں کا موسم ہے۔ 2025فلم اور ٹی وی کے فنکاروں کے لیے جیون ساتھی کی خوشیاں لے کر آیا ہے۔ فلم اسٹار ماورا حسین،نیلم منیر،کبریٰ خان،حریم سہیل،گوہر رشید اور علی رحمان کی شادیاں ہوئیں۔ کچھ فنکاروں کی شادیوں کی تقریبات مکمل اور کچھ نے شادیوں کا جَشن جاری رکھا ہوا ہے۔ آسمانِ شہرت پر چمکتے ہوئے ستارے اپنے ساتھی فنکاروں کو شادیوں کی مبارکباد دِل وجان سے دے رہے ہیں۔ کوئی گارہا ہے کہ ’’آج میرے یار کی شادی ہے‘‘تو کوئی فنکارہ یہ گیت گنگناتی نظر آرہی ہیں کہ ’’خوشی خوشی کردو وِداع‘‘۔2025کے آغاز میں سب سے پہلے ڈراموں اور فلموں کی نامور ہیروئن نیلم منیر کی شادی کی خبر میڈیا کی زینت بنی۔ ماضی کے مقابلے میں اب شوبزنس کی خُوبصورت اداکارائیں اپنی شادیوں کے بارے میں مداحوں کو خود اطلاع دیتی ہیں۔ اداکارہ نیلم منیر نے بھی اپنی شادی کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔ نیلم منیر کے شوہر محمد راشد دبئی پولیس میں ملازم ہیں۔ نیلم نے اپنے مایوں اور نکاح کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو ہر طرف دُھوم مچ گئی۔ یاد رہے کہ 2017ء میں نیلم منیر کو فلم ’’چھپن چھپائی‘‘میں احسن خان کے ساتھ پسند کیا گیا ، بعدازاں نیلم نے فلم’’رانگ نمبر 2‘‘کاف کنگنا اور’’چکر‘‘ میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دِکھائے۔ نیلم کے سپرہٹ ڈراموں میں ’’حالِ دل،قیدِ تنہائی،کچھ کمی سی ہے،جَل پری اور اَشک شامل ہیں۔ اداکار عمران عباس کے ساتھ نیلم کو ڈراما سیریل’’احرامِ جنوں اور ’’محشر‘‘ میں بے حد پسند کیا گیا۔شوبزنس کی فنکار بہنیں عروہ حسین اور ماورا حسین نے ڈراموں اور فلموں میں اپنی پہچان بنائی۔ عروہ کی شادی پہلے ہی گلوکارفرحان سعید کے ساتھ ہوچکی ہے، جبکہ گزشتہ روز ماورا حسین نے بھی اپنے ساتھی فنکار عامر گیلانی کے ساتھ بیاہ رَچالیا۔ ماورا حسین کی شادی کی تقریبات میں فنکاروں نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ ماورا نے 2016ء میں بالی ووڈ مووی ’’صنم تیری قسم‘‘میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ اس فلم کا ایک سونگ ’’تُو کھینچ میری فوٹو‘‘برِصغیر پاک وہند میں بے حد مقبول ہوا۔ ماورا نے پاکستانی مووی ’’جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘‘میں بھی لاجواب اداکاری کی۔ اِن کے ٹیلی ویژن ڈراموں میں سمی،آنگن،داسی،نیم،نوروز اور جفا شامل ہیں، جبکہ اِن کے شریک حیات اداکارعامر گیلانی کے مشہور ڈراموں میں ثبات اورنیم شامل ہیں۔ اداکارہ کبریٰ خان نے فلموں اور ڈراموں میں یکساں مقبولیت حاصل کی انہوں نے بھی نئے سال کے آغاز پر اپنے جیون ساتھی کے بارے میں خوشخبری سنادی تھی۔ کبریٰ خان اور اداکار گوہر رشید کے رومانس کی خبریں پہلے ہی کئی برسوں سے میڈیا کی زینت بنی ہوئی تھیں، لیکن اب دونوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی شادی کی خوشخبری کا اعلان کیا اور تقریبات کا آغاز نہایت دلکش انداز میں کیا۔ فنکاروں کی جانب سے اِنہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ کبریٰ خان نے اپنے شوبزنس کریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹیں۔ اُنھیں فلم ’’نامعلوم افراد،پرواز ہے جنوں،سپراسٹار،لندن نہیں جائوں گا،ابھی اور بالی ووڈ مووی ویلکم ٹو کراچی میں لاجواب پرفارمنس کی وجہ سے پسند کیا گیا۔ ان کے مقبول ٹی وی ڈراموں میں خدا اور محبت، الف اللہ اور انسان اور جنت سے آگے شامل ہیں۔ جبکہ دوسری جانب کبریٰ کے دولہا اداکار گوہر رشید کو فلم ’’میں ہُوں شاہد آفریدی،جوانی پھر نہیں آنی،یلغار،لندن نہیں جائوں گا،منی بیک گارنٹی اور سپرہٹ فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ میں پسند کیا گیا۔ڈراموں کی ایک اور خُوبصورت فنکارہ حریم سہیل بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں اُنھیں ڈراما سیریل’’گِھسی پِٹی محبت،مشکل اور وَبال‘‘ میں مختلف کرداروں میں پسند کیا گیا۔ اداکارہ حریم سہیل نے اپنی شادی کے موقع پر گولڈن عروسی لباس زیبِ تن کیا ہوا تھا، جبکہ ان کے شوہر نے اسی رنگ کی مناسبت سے شیروانی پہنی ہوئی تھی۔