کراچی (اسٹاف رپورٹر) سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ پیر کی صبح قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ ساڑھے 9بجے شروع ہوگا۔ راچن رویندرا ان فٹ ہونے کی وجہ سے دستیاب نہیں ہونگے۔ جنوبی افریقا میں جاری ٹی ٹوئنٹی لیگ کی وجہ سے ان کے9 اہم کھلاڑی میچ شریک نہیں ہوں گے۔ جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باوومانے کہا کہ ہمارے لیے پاکستان میں کھیلنا اچھا موقع ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے خود کو دکھانے کا اچھا موقع ہے ۔ اینرخ نورکیے کا انجرڈ ہونا بدقسمتی ہے ، کاربن بوش اچھی پیس سے بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران کیوی اسٹار راچن رویندرا کیچ لینے کی کوشش میں گیند چہرے پر لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔ گیند براہ راست ان کے چہرے پر لگی اور خون نکلنے لگا ۔ ترجمان کے مطابق رویندرا بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ پہلی ہیڈ انجری اسسمنٹ درست آئی ہے، مزید اسسمنٹ پروٹوکولز جاری رہیں گے ۔ اتوار کو جنوبی افریقی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے زیادہ تر کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی ۔ نیوزی لینڈ کےخلاف میچ سے قبل جنوبی افریقی ٹیم نے تین گھنٹے تک بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ بیٹرز نے اسپن بولروں کے خلاف جم کر بیٹنگ کی ۔ کپتان ٹیمبا باووما نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں ۔ جنوبی افریقا نے ٹیمبا باوما کی قیادت میں پہلے میچ کیلئے ابتدائی 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ جس میں چھ نئے کھلاڑی بیٹرمیتھیو بریٹز، میکا ایل پرنس، فاسٹ بولر گیڈون پیٹرز، ہالی ووڈ بیٹس، ایتھن بوش اور سینتھ واریرس سمیت آل راؤنڈر میہلالی مپونگوانا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ کاربن بوش کو اینرخ نورکیا کی جگہ دی گئی ہے۔ کاربن بوش، کیون ماپاکا اور ٹونی ڈی زورزی اتوار کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ۔ تینوں کراچی میں ٹیم کو جوائن اور جمعرات کو پاکستان کے خلاف کھیلیں گے۔