بھارتی کاروباری شخصیت، اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے حال ہی میں اپنے بیٹے جیت اڈانی کی سادگی سے شادی کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔
56.9 بلین ڈالرز کے مالک گوتم اڈانی نے بیٹے کی شادی پر پیسہ پانی کی طرح بہانے کے بجائے 10,000 کروڑ بھارتی روپے (310 ارب پاکستانی روپے کے برابر) سماجی کاموں کے لیے عطیہ کر دیے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گوتم اڈانی کے بیٹے جیت اڈانی کی شادی ہیروں کے تاجر کی بیٹی دیوا جیمین شاہ سے ہوئی ہے۔
یہ شادی گزشتہ ہفتے سادہ، مذہبی اور گجراتی رسم و رواج کے تحت انجام پائی جس میں گنے چنے مہمانوں نے شرکت کی۔
شادی سے 2 روز قبل گوتم اڈانی نے ’منگل سیوا‘ نامی ایک منصوبہ متعارف کرایا جس کے تحت ہر سال 500 معذور نئی نویلی دلہنوں کو مالی امداد دی جائے گی۔
گوتم اڈانی کے اس فلاحی اقدام کو دولت کی نمود و نمائش کے بجائے سماجی بھلائی کے لیے مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
ارب پتی تاجر گوتم اڈانی کے بیٹے جیت اڈانی کی شادی ناصرف خبروں بلکہ سوشل میڈیا کی بھی زینت بنی ہوئی ہے۔
جیت اڈانی کی شادی کی متعدد اَن دیکھی خوبصورت تصویریں بھارتی میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔
ان تصاویر میں شادی کے خوبصورت مقامات سمیت دلہن دولہا کو بھی اپنی شادی کی تقریبات انجوائے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھارت کی ہی امیر ترین شخصیت مکیش امبانی نے بھی اپنے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تھی جس کی تقریبات کئی ماہ تک جاری رہی تھیں۔
اننت امبانی کی رادھیکا مرچنٹ سے شادی کی تقریبات پر اربوں ڈالرز کی خطیر رقم خرچ کی گئی تھی۔
یہ شادی مہینوں تک دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی رہی تھی۔