ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم ’مشن امپاسیبل‘ کی شوٹنگ کے دوران کئی بار بے ہوش ہوئے تھے۔
ٹام کروز نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں فلم ’مشن امپاسیبل‘ کے لیے فضا میں جہاز اُڑاتے ہوئے خطرناک اسٹنٹ کرنے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب انسان 120 سے 130 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اُڑتے ہوئے ہوائی جہاز سے اپنا چہرہ باہر نکالے تو اتنی بلندی پر سانس لینے کے لیے آکسیجن نہیں ملتی۔
اداکار نے بتایا کہ اس لیے فلم کی شوٹنگ کے لیے مجھے ٹریننگ کرنی پڑی کہ اتنی بلندی پر کس طرح سانس لینا ہے، اس دوران کئی بار ایسا ہوا کہ میں بے ہوش ہوا اور کاک پٹ میں واپس جانے کے قابل نہیں رہا۔
فلم میں کرسٹوفر مک کوئری نے بتایا کہ اس بار ’مشن امپاسیبل‘ کی نئی قسط میں پہلے سے بھی زیادہ خطرناک اسٹنٹس شامل کیے گئے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ فلم میں کچھ ایسے اسٹنٹس شامل کیے گئے ہیں جنہیں دیکھ کر فلمی شائقین دنگ رہ جائیں گے۔
ٹام کروز فلموں میں اپنے خطرناک اسٹنٹس کی وجہ سے ہالی ووڈ میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں اور اب تک اپنی فلموں میں کئی خطرناک اسٹنٹس کر چکے ہیں جو ان کی شہرت کی وجہ بنے ہیں۔
واضح رہے کہ مشن امپاسیبل سیریز کی آخری انسٹالمنٹ اس سال مئی میں سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔