اسلام آباد لاہور (خصوصی نامہ نگاران ) متنازع پیکا ایکٹ کے خلاف پی ایف یو جے کی کال پر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام جمعہ کو نیشنل پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ تیسرے روز بھی جاری رہا ،بھوک ہڑتالی کیمپ کے اختتام پرنیشنل پریس کلب سے شہید ملت سیکٹریٹ تک پرامن ریلی نکالی گئی جبکہ لاہور میں پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا گیا اور پریس کلب سے گورنر ہاؤس کے گیٹ کے باہر تک ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر صحافیوں نے پیکا ایکٹ کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں جڑواں شہروں کے صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہمیں کوئی ریلیف ملتا ہے تو ہم اس تحریک کے حوالے سے غوروغوض کریں گے اگر ہمیں عدالت سے انصاف نہ ملا تو ہم وکلاء سول سوسائٹی انسانی حقوق کی تنظیموں کی مشاورت سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنا کر پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے ۔