وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک کے لیے قربانیاں پہلے بھی دی ہیں اور آگے بھی دیں گے، امید ہے کہ ہمیں اپنے پورے حقوق ملیں گے، نہ ملے تو ہر فورم پر جائیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے موٹر وہیکل آٹومیشن سسٹم اور وہیکل رجسٹریشن اسمارٹ کارڈ کا اجراء کر دیا ہے جس سے گاڑیوں کی رجسٹریشن، منتقلی، یونیورسل نمبر پلیٹس اور فیس و ٹیکسوں کی ادائیگی ڈیجیٹلائزڈ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری امور میں شفافیت یقینی ہوگی اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اپنے صوبے میں ہی گاڑیوں کی رجسٹریشن کرائیں، یہ ہماری اپنی پہچان ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اپنے وسائل کا دانشمندانہ استعمال کر کے آمدن کو بڑھانا ہے، ہم نے اپنی آمدن میں 49 فیصد اضافہ کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کہا کہ مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے صحت کارڈ کی مد میں سالانہ 11 ارب روپے کی بچت ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔