ملتان (سٹاف رپورٹر)میپکوکا جنوبی پنجاب میں ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل فورسز کے ہمراہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن،شادن لُنڈڈی جی خان /عبدالحکیم میاں چنوں میں 2 کروڑ82لاکھ روپے واجبات ادانہ کرنے پر13 ٹرانسفارمرز اور18میٹرز اُتارلئے ۔ سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوڈی جی خان سرکل ملک خورشیداحمد،ونگ کمانڈر رینجرزاور ڈپٹی کمرشل منیجر محمد حسین قریشی کی زیرنگرانی ایس ڈی او شادن لُنڈسب ڈویژن محمدجواد کی سربراہی میں ٹیم نے شادن لُنڈسب ڈویژن کے علاقوں /بستیوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔میپکو ٹیم نے رینجرزاور پولیس فورسز کے ہمراہ آپریشن کرکے ایک کروڑ92لاکھ30 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پرنادہندگان /بستیوں کے کنکشن منقطع کرکے 9ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز اُتارکر قبضہ میں لے لئے جبکہ نادہندگان سے 34 لاکھ 10ہزار روپے موقع پر وصول کئے گئے۔بستی جاموانی اور بستی یارانی کی بجلی کی سپلائی منقطع کرکے کنڈکٹر بھی اُتارلیاگیا ۔ سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو خانیوال سرکل ملک مشتاق احمد اٹھنگل،ونگ کمانڈر رینجرزاور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل نصراللہ خان ناصرکی زیر نگرانی ایکسین میاں چنوں ڈویژن ثاقب سلیمان اور ایس ڈی اوعبدالحکیم سب ڈویژن راؤ محمد شاکر کی سربراہی میں ٹیم نے عبدالحکیم سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔میپکو ٹیم نے رینجرز اور پولیس فورسز کے ہمراہ بستی ڈوگراں، چک 8/A-R، دولت پور، چک4/9-R اور مختلف بستیوں میں 90لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 4 ٹرانسفارمرز اور 9 میٹرز اُتارلئے۔