کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءسابق صوبائی وزیر جعفر جارج نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ، صوبائی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی قابل ستائش ہے،وزیراعلیٰ صوبے کی تعمیر و ترقی میں سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر دیگر اقلیتی رہنماء بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی قابل تعریف ہے پارٹی کو ان پر اعتماد ہے ۔ وزیراعلیٰ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے دستیاب وسائل میں رہ کر موثر اقدامات کررہے ہیں جن کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے وزیراعلیٰ دن رات محنت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال آج سے نہیں بلکہ کافی عرصے سے چلی آرہی ہے جس کی بہتری میں وقت لگے گا۔