بریڈفورڈ ویسٹ کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے بریڈفورڈ ٹیچنگ اسپتال این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کی قیادت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کی گورننس تباہ حالی کا شکار ہے اور قیادت ’بےقابو‘ ہو چکی ہے۔
انہوں نے برطانیہ کے وزیر صحت ویس اسٹریٹنگ کو ایک خط لکھ کر ٹرسٹ کی چیئر سارہ جونز کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ناز شاہ نے دعویٰ کیا کہ سابق چیئر میکس مک لین کی جانب سے خدشات ظاہر کیے جانے کے بعد این ایچ ایس انگلینڈ نے گزشتہ سال ٹرسٹ کے خلاف کارروائی کی تھی۔
میکس مک لین نے اکتوبر 2023 میں استعفیٰ دے دیا تھا اور اب وہ وِسل بلوئنگ کے تحت قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان کے استعفے کے بعد بورڈ ممبران کے درمیان تعلقات مزید خراب ہوگئے، جس کی وجہ سے ٹرسٹ کی گورننس پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اپنے خط میں ناز شاہ نے الزام لگایا کہ جو گورنرز اندرونی مسائل پر سوالات اٹھاتے ہیں، انہیں ہدف بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
ناز شاہ کے مطابق حالیہ گورنرز میٹنگ میں انہیں بولنے کی اجازت نہیں دی گئی جس کے بعد اجلاس ’افراتفری‘ کا شکار ہو کر منسوخ کردیا گیا۔
ان کا دعویٰ ہے کہ انہیں زچگی خدمات میں سنگین مسائل، بچوں کی ہلاکتوں اور عملے کی بہبود سے متعلق خدشات اٹھانے کی وجہ سے عہدے سے ہٹایا گیا۔
بریڈفورڈ ٹیچنگ اسپتالز این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جبکہ محکمہ صحت نے بھی تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔
ناز شاہ کا کہنا ہے کہ ’کمانڈ کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور فیصلے بغیر کسی احتساب کے کیے جا رہے ہیں۔‘