قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا خیال ہے کہ کھلاڑی ساجد خان کو چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے اسکواڈ میں شامل ہونا چاہیے تھا۔
شاہد آفریدی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آف اسپنر ساجد خان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے قومی اسکواڈ میں جگہ کے مستحق ہیں۔
شو کے دوران شاہد خان اور سابق لیجنڈری کھلاڑی محمد یوسف نے حالیہ ٹیسٹ ہوم سیریز میں پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے اسپنر ساجد خان کی عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ساجد خان کا اعتماد بہت بلند ہے اور وہ بہت اچھے فیلڈر بھی ہیں، ایک مضبوط کردار ہیں جو بیٹنگ میں بھی چھکے لگا سکتے ہیں۔
لالہ کا کہنا ہے کہ میرا خیال تھا کہ ساجد خان چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے ابرار احمد اسکواڈ میں واحد ماہر اسپنر ہیں، ان کے ساتھ ایک اور اسپنر کا ہونا ٹیم کے مفاد میں بہتر ہوتا۔
شاہد آفریدی نے بھارتی ٹیم سے متعلق کہا کہ ہندوستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں صحیح امتزاج کے ساتھ داخل ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم ایک بہترین منجھی ہوئی ٹیم ہے، اوپنرز سے لے کر فاسٹ بولرز تک، میں جانتا ہوں کہ بمراہ نہیں ہے لیکن ان کے پاس شامی جیسے بولرز موجود ہیں جو نئی گیند کے ساتھ غیر معمولی بولنگ کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ دفاعی چیمپئن ٹیم اور میزبان پاکستان اپنے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے پہلے میچ کا آغاز آج سے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیل کر کر رہا ہے۔
اس کے بعد قومی ٹیم 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کے لیے جائے گی۔
بعد ازاں پاکستانی ٹیم 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلا دیش کا مقابلہ کرنے کے لیے وطن واپس آئے گی۔