ایشیاء کے سب سے امیر ترین شخص مکیش امبانی اور نیتا امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پرتعیش شادی 2024ء میں دنیا بھر میں خبروں کی زینت بنی رہی۔
یہ شادی 3 ادوار پر مشتمل تھی، مکیش اور نیتا نے گزشتہ سال مارچ سے لے کر مئی تک دو پری ویڈنگ جشن کی میزبانی کی جن میں بین الاقوامی شہرت یافتہ شخصیات نے شرکت کی تھی۔
بعد ازاں 12 جولائی 2024ء کو باقاعدہ طور پر اننت اور رادھیکا مرچنٹ نے شادی کر لی تھی۔
نیتا امبانی حال ہی میں ہارورڈ انڈیا کانفرنس میں نظر آئیں جہاں انہوں نے اپنے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی زندگی کے سفر کے بارے میں بات کی۔
نیتا امبانی نے چھوٹی بہو رانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رادھیکا مرچنٹ کی شکل میں اننت کو سچا پیار ملا ہے، اننت کو بے پناہ محبت دینے پر رادھیکا کی شکر گزار ہوں۔
پیسے کے ضیاع، شادی کے دوران پرتعیش تقریبات اور بین الاقوامی فنکاروں کی پرفارمنس پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے نیتا امبانی نے اپنے بیٹے کی شاندار شادی کا دفاع کیا۔
’بلومبرگ ٹیلی ویژن‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں نیتا امبانی نے کہا کہ تمام والدین اپنے بچوں کی شادی کے لیے اپنی پوری کوشش کرنا چاہتے ہیں، ہم نے وہی کیا جو تمام والدین کرنا چاہتے ہیں، یہ شادی ’میڈ اِن ہندوستان‘ تھی جسے دنیا بھر میں پزیرائی ملی۔