کراچی ( اسٹاف رپورٹر)میزان بینک اور پارٹیسپیشن بینکس ایسوسی ایشن آف ترکی کے درمیان اسلامک فنانس کی ترقی کیلئے شراکت داری کا معاہدہ، شراکت داری کا مقصد اسلامی مالیاتی اداروں کو مضبوط کرنا،ریگولیٹری ہم آہنگی کو فروغ دینااور جدید شریعہ کمپلائنٹ سلوشنز کے ذریعے مالیاتی شمولیت کو بڑھاناہے۔ تفصیلات کے مطابقپاکستان کے معروف اسلامی بینک میزان بینک اور پارٹیسپیشن بینکس ایسوسی ایشن آف ترکی (TKBB)نے اسلامک فنانس میں جدّت، نالج شیئرنگ اور صلاحیت سازی کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت (MoU)پر دستخط کیے ہیں۔ اسلامک فنانس میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کیلئے یہ اہم قدم ہے۔ ترکی کے صدر رجب اردگان کے پاکستان کے حالیہ دورہ کے دوران وزیرِ اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں میزان بینک کے گروپ ہیڈ شریعہ کمپلائنس احمد علی صدیقی اور ٹی کے بی بی کے سیکریٹری جنرل اسماعیل وورل نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس اہم شراکت داری میں کراس بارڈر کے ذریعے 3اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اسلامی بینکاری میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا جن میں صلاحیت سازی، نالج شیئر اور آپریشنل ایکسلنس شامل ہیں۔