• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورٹ قاسم کی 500 ایکڑ اراضی کی فروخت، خزانے کو 60 ارب کا نقصان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں)سینیٹ کی میری ٹائم افیئرز کمیٹی نے پورٹ قاسم کی 500ایکڑ اراضی کی فروخت میں قومی خزانے کو 60ارب سے زائد کا نقصان پہنچانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر لیز منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے ‘ چیئرمین کمیٹی سینیٹرفیصل واوڈانے انکشاف کیا کہ کراچی پورٹ کی40ارب مالیت کی سرکاری زمین 5 ارب میں دی گئی‘زمینوں کی لیز میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا مگر اب معاملات ڈنڈے کے زور پر ٹھیک کریں گے‘ سیکریٹری بحری امورسید ظفر علی شاہ نے کمیٹی کو بتایاکہ آئندہ چند دنوں میں نئی میری ٹائم پالیسی پیش کریں گے‘کمیٹی نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ہونے والے تمام معاہدوں کی تفصیلات طلب کر لی۔بدھ کو چیئرمین سینیٹر فیصل واوڈا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی بحری امور کا اجلاس ہوا‘ سیکرٹری بحری امورظفرعلی شاہ نے کمیٹی کو بندرگاہوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں پورٹس کو ڈیجیٹل کرنے‘ روڈ اور ریلوے انفراسٹرکچر پر کام کررہے ہیں‘کابینہ نے تین سالہ پورٹس پلان کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے‘گوادر میں نیا ایئرپورٹ بن چکا‘ وہاں پر سکیورٹی کو مزید بہتر کررہے ہیں اور گوادر میں فشنگ اور سکیورٹی پر 1 ارب 20 کروڑ مالیت خرچ کررہے ہیں‘افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے انشورنس گارنٹی کا معاہدہ کررہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید