سہون/ جامشورو (نامہ نگاران / نیوز ایجنسیز) وزیر اعلیٰ سندہ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں ڈمپر حاثات کی مذمت کرتا ہوں ، یہ انتظامی معاملہ ہے ، سیاست نہیں ہونی چاہئے ، مرتضیٰ جتوئی ضمانت پر تھے ، جو ختم ہوئی تو قانون نے راستہ اختیار کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندہ سید مراد علی شاہ حضرت لال شہباز قلندر ؒ کے 773؍ ویں عرس مبارک کے تیسرے روز اختتامی تقریب میں پہنچے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حضرت لال شہباز قلندر رح کے مزار پر حاضری دی اور چادر چڑھا کر فاتح خوانی کی ۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی بہتری کی وجہ سے عرس مبارک میں ریکارڈ تعداد میں لوگ آئے ہیں انتظامیہ کی جانب سے مجھے بتایا گیا ہے کہ 25لاکھ سے زائد لوگوں نے عرس مبارک میں شرکت کر کے حضرت لال شہباز قلندر ؒ سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈس ہائی وے روڈ پر جو حادثات ہوئے وہ انڈس ہائی وے کے تعمیر نامکمل ہونے کی وجہ سے ہوئے ہیں تاہم عرس مبارک کے دوران مجموعی طور پر انتظامات بہتر رہے ہیں۔ ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندہ نے کہا کہ میں کسی کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔ بس اللہ اس ملک کوخوشحال کرے انڈس ہائی وے کے لئے 50فیصد رقم 7؍ ارب روپے سندھ حکومت نے دئیے ہیں اس کے باوجود بھی یہ منصوبہ اب تک مکمل نہیں ہوا۔