عالمی ادارۂ صحت یورپ کے ڈائریکٹر ہانس کلوگ نے یورپی پارلیمنٹ کو امریکی امداد کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈبلیو ایچ او یورپ کے ڈائریکٹر ہانس کلوگ نے برسلز میں یورپی پالیمان کو امریکی امداد روکے جانے کے بعد کی صورتِ حال پر بریفنگ دی ہے۔
انہوں نے یورپی پارلیمان کو بتایا ہے کہ امریکی صدر کے اعلان کے بعد ادارے کی مالی صورتِ حال متاثر ہوئی ہے، کیوں کہ امریکا اس حوالے سے ایک بڑا شریک تھا، اس کے علاوہ صحتِ عامہ کے شعبے میں اطلاعات اور فنی تعاون کے معاملات میں بھی خلاء پیدا ہو گیا ہے۔
ہانس کلوگ نے کہا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے صحت کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی شارٹ فال کے خلاء کو پُر کرنے کے حوالے سے کام جاری ہے، شاید یہ خلاء چین کی مدد سے پُر کیا جائے گا یا پھر اس کے علاوہ وہ نجی ادارے جو اس سے پہلے بھی معاملات میں تعاون کرتے رہے ہیں وہ اس میں کردار ادا کریں گے۔
اس حوالے سے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنی پریس کانفرنس میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس صورتِ حال کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال تو لیں گے، لیکن پھر بھی امریکی امداد کی بندش سے خاطر خواہ فرق ضرور پڑے گا۔