چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے میں شامل نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیموں نے اسلام آباد کلب میں پریکٹس کی ہے۔
میگا ایونٹ میں نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں مدمقابل ہوں گی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں اسلام آباد میں اپنے اہم میچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اسلام آباد کلب اول گراؤنڈ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے مختلف سیشنز میں حصہ لیا، کھلاڑیوں نے فلڈ لائٹس میں بھی پریکٹس کی۔
دوسری جانب، بنگلہ دیش کی ٹیم کپتان نجم الحسن شانتو کی قیادت میں دبئی سے اسلام آباد پہنچ چکی ہے، جس نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کےلیے خود کو تیار کر سکے۔
بنگلہ دیش کو اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ نیوزی لینڈ نے اپنے افتتاحی میچ میں پاکستان کو ہرایا تھا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اس اہم میچ کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
شائقین کرکٹ اس مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔