• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین و قانون کی بالادستی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، اپوزیشن قیادت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن قیادت کا کہنا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، پیرپگارا نے کہا کہ دریائے سندھ پر نئی کینالز کی تعمیر ملکی بقاء کا مسئلہ ہے۔ 

دریائے سندھ پر نئی کینالز کی تعمیر ملکی بقاء کا مسئلہ ہے، اسد قیصر نے کہا 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتوں کو کنٹرول کیا گیا، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جھوٹ، دھونس ، دھاندلی کے نظام کی خلاف جنگ کرینگے، فہمیدہ مرزا نے کہا دریائے سندھ پر کینالز کی تعمیر ڈریکونین اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرپگارا سے ملاقات اور عشائیہ کے موقع پر اظہار صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات اور عشائیہ میں میں محمود خان اچکزئی، صدر الدین شاہ راشدی، لطیف کھوسہ، صاحبزادہ حامد رضا، زین شاہ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ 

تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ سندھ اور وفاق میں مسائل پر ہماری اور تحریک تحفظ آئین پاکستان میں ذہنی ہم آہنگی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہئے اسی میں ملک اور ادروں کی مضبوطی ہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل جماعتوں نے دریائے سندھ پر چھ نئی کینالز بنانے کیخلاف جی ڈی اے کے موقف کی حمایت کردی۔ 

رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ پر نئی کینالز کی تعمیر ملکی بقاء کا مسئلہ ہے اس اقدام کے خلاف آواز بلند کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ہفتے کے روز تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے راجا ہاؤس میں جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ 

قبل ازیں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، سردار لطیف کھوسہ، محمود خان اچکزئی، ناصر شیرازی حامد رضا، ساجد ترین، اخونزادہ حسين اور حلیم عادل شیخ سمیت دیگر نے راجا ہاؤس پہنچ کر جی ڈی اے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ 

ملاقات میں جی ڈی اے جی جانب سے پیر صاحب پگارا کے علاوہ سید صدرالدین شاہ راشدی، ڈاکٹر صفدر عباسی، ڈاکٹر فہمیدہ مراز، لیاقت جتوئی، سید زین شاہ، سردار عبدالرحیم، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، سید محمد راشد شاہ، عرفان اللہ مروت، معظم عباسی، سائرہ بانو، بیرسٹر حسنین مرزا، حسام مرزا سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے ہم سب ملکر پاکستان اور آئین کو مضبوط کریں ملک محفوظ ہوگا تو جمہوریت اور آئین کی بالا دستی ہو گی عوام بھی محفوظ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری 26 ویں آئینی ترمیم، پیکا ایکٹ اور دریائے سندھ پر چھ نئی کینالز کے ایشوز پر بات ہوئی ہے ہماری بہت سے معاملات پر انکے ساتھ ہم آہنگی ہے تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 25 اور 26 فروری کو اسلام آباد میں گرینڈ اجلاس طلب کیا ہے جس میں شرکت کیلئے ہمیں دعوت دی ہے۔ 

جی ڈی اے مشاورت کے بعد انہیں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریگی۔ 

اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم، پیکا ایکٹ اور دریائے سندھ پر کینالز کی تعمیر ڈریکونین اقدامات ہیں انکے خلاف سب کو اٹھ کر مشترکہ جہدوجہد کرنا ہوگی۔

پانی ایک بڑا ایشو ہے نہ صرف سندھ بلکہ بلوچستان کی بھی بقاء کا مسئلہ ہے سی سی آئی کے بجائے کہیں اور فیصلے ہورہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید