اسلام آباد ( آن لائن ) ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ میں پاکستان سرفہرست آچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ اس پھیلاؤ کو جلد از جلد روکنے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ہیپاٹائٹس سی خاتمے کے پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کے دو اضلاع میں قابل ستائش اقدام کا آغاز کردیا گیا ہے۔پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کے دو اضلاع میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے تعاون سے گلگت بلتستان میں دو مقامات ایم سی چلاس دیامر اور یو سی مرکنجہ شگر میں ایک پائلٹ مرحلہ شروع کیا ہے، جس کے تحت آبادی کی اسکریننگ اور علاج کی سہولتوں تک رسائی لوگوں کو مفت فراہم کی جا رہی ہے۔