اسلام آباد (نامہ نگار) عالمی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر جمی شو پاکستان پہنچ گئے۔ جمی شو نے سابق نگراں وزیر گوہر اعجاز سے ملاقات کی۔ گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستانی فیشن انڈسٹری کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا یہ بہترین وقت ہے۔ جمی شو کے اشتراک سے پاکستان میں فیشن سکول کا قیام پوری انڈسٹری میں انقلاب لاسکتا ہے۔ سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم ٹیلنٹ، جدت اور عالمی معیارات کے ذریعے پاکستانی فیشن کو عالمی سطح پر اجاگر کرسکتے ہیں۔ درست حکمت عملی کے ذریعے پاکستان پانچ سال میں 100ارب ڈالرز کی برآمدات کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فیشن انڈسٹری میں جمی شو مثالی ہیں۔ پروفیسر جمی شو کا شمار دنیا کے نامور فیشن ڈیزائنرز میں ہوتا ہے، جمی کے ڈیزائنز کو عالمی شخصیات، نامور افراد استعمال کرتے ہیں، فیشن انڈسٹری میں جمی شو کو بطور ایک وژنری لیڈر مانا جاتا ہے۔