• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جڑواں شہروں میں درجنوں وارداتیں، شہری 23 موٹر سائیکلوں سے محروم، جھپٹا مار گروپ بھی سر گرم رہا

اسلام آباد‘ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار‘ سٹاف رپورٹر) جڑواں شہروں میں ڈکیتی‘ سرقہ بالجبر‘ نقب زنی‘ چوری اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں میں شہری 23موٹر سائیکلوں سے محروم ہو گئے جبکہ راولپنڈی میں 10افراد سے انکے موبائل فون جھپٹا مار کر چھین لئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں چوری کی 10وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی‘ زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء سمیت 6موٹر سائیکل اور موبائل فونز اڑا لئے گئے۔ تھانہ ترنول ایریا سے ایک موٹر سائیکل جبکہ تھانہ کراچی کمپنی اور تھانہ شمس کالونی ایریا سے 2 موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی۔ تھانہ مارگلہ اور تھانہ کھنہ ایریا میں 2گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔ تھانہ آبپارہ‘ شالیمار‘ سبزی منڈی‘ ہمک اور تھانہ شہزاد ٹائوں ایریاز سے 5موٹر سائیکل چوری ہو گئے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں درجنوں شہری 17موٹر سائیکلوں‘ طلائی زیورات‘ موبائل فونز‘ نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم ہو گئے۔ جھپٹا مار گروپ پر بھی قابو نہ پایا جا سکا‘ اور دس افراد سے اُنکے موبائل فون جھپٹا مار کر چھین لئے گئے۔ تھانہ دھمیال کے علاقوں جوڑیاں اور دھمیال میں نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کی نوک پر موبائل فون‘ ہزاروں روپے اور قیمتی کاغذات چھین لئے۔ دیگر وارداتیں تھانہ گنج منڈی‘ تھانہ بنی‘ تھانہ نیو ٹائون‘ تھانہ ویسٹریج‘ تھانہ نصیر آباد‘ تھانہ صدر بیرونی‘ تھانہ دھمیال‘ تھانہ آر اے بازار‘ تھانہ صادق آباد‘ تھانہ سٹی کے علاقوں میں ہوئیں۔
اسلام آباد سے مزید