برطانیہ میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے کہا ہے کہ وہ پختونوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے ’یونائیٹڈ پشتون سوسائٹی یو کے‘ کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔
وہ یونائیٹڈ پشتون سوسائٹی یو کے کے تحت پشتونوں کو درپیش مسائل اور ان کو ایک جھنڈے تلے متحد کرنے کے حوالے سے ہیسٹن کمیونٹی سینٹر لندن میں ’پاکستان ہمارا فخر‘ کے نام سے منعقدہ ایک پروقار پروگرام پر بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے اس موقع پر پشتون کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل نوٹ کیے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہائی کرائی، انہوں نے ایک منظم پروگرام منعقد کرنے پر منتظمین کو مبارکباد بھی دی۔
یونائیٹڈ پشتون سوسائٹی کے چیئرمین حاجی شمس الرحمن اور ڈپٹی جنرل سکریٹری سکندر حیات نے ڈپٹی ہائی کمشنر پاکستان کو پختونوں کی روایتی پگڑی پہنائی اور تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
پروگرام میں یو کے کے دور دراز علاقوں سے پختون کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔
دیگر اظہار خیال کرنے والوں میں ڈپٹی میئر ہونسلو اکرام، پوسٹماؤتھ کے کونسلر اصغر شاہ، سابقہ لیڈی کونسلر محترمہ زاہدہ نوری، سولیسیٹر وقار احمد اور یونائیٹڈ پشتون سوسائٹی کے ڈائیریکٹر مولانا عنایت اللّٰہ اور صدر صفدر باچا شامل تھے۔
اس موقع پر مقررین نے یو کے میں موجود پاکستانیوں اور خاص کر پشتون کمیونٹی کی پاکستان سے محبت اور پاکستان کے نام کو مختلف شعبہ جات میں نمایاں کرنے پر روشنی ڈالی۔
یونائیٹڈ پشتون سوسائٹی کے صدر صفدر باچا نے یو کے میں موجود پختون کمیونٹی کے مسائل پر مفصل روشنی ڈالی۔
نوجوانوں اور خواتین کی قابل ذکر نمائندگی بھی پروگرام میں موجود تھی، نوجوانوں کی نمائندگی اویس خان سکندر اور اعزاز شاہ نے کی پروگرام کا اختتام پاکستان کی ترقی اور بقا کے لئے خصوصی دعا سے ہوا۔
ا سٹیج سکریٹی کے فرائض موصوف نمروز خان یوسفزئی نے خوبصورتی سے ادا کیے۔