اب گھر کے سارے کام آسان ہونے والے ہیں، کیونکہ کاموں کے لیے جدید روبوٹ متعارف کروا دیا گیا ہے جو جلد مارکیٹ میں آ جائے گا۔
چائے بنانے سے لے کر فرش کی صفائی تک، روزمرہ کے کام اکثر ایک تھکا دینے والے معمول کی طرح محسوس ہوتے ہیں، لیکن اب ایک روبوٹک مددگار رکھنے کا خواب جلد حقیقت بن سکتا ہے۔
ناروے کی روبوٹکس کمپنی 1X نے حال ہی میں NEO Gamma نامی ایک جدید گھریلو روبوٹ متعارف کروایا ہے۔
ایک پرومو ویڈیو میں یہ جدید ہمیونائیڈ روبوٹ چائے بناتا، فرش صاف کرتا، سامان اٹھاتا، کھڑکیاں چمکاتا اور دیوار پر تصویر لگاتا نظر آتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ NEO Gamma اس دہائی کے آخر تک گھروں میں خودکار طریقے سے کام کر رہا ہو گا۔
یوٹیوب صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں، کچھ نے اسے خوفناک فلموں سے تشبیہ دی ہے، جبکہ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ کسی ہارر فلم کا ٹیزر معلوم ہوتا ہے، تاہم کچھ لوگوں نے مثبت ردعمل دیا ہے، ایک صارف نے کہا ہے کہ مجھے پسند آیا کہ یہ کام مکمل کرنے کے بعد ایک اچھے بچے کی طرح بیٹھ جاتا ہے۔
یہ ماڈل NEO Beta کا جدید ورژن ہے، جسے گزشتہ سال اگست میں متعارف کرایا گیا تھا، اس میں قدرتی انسانی چال، بازوؤں کی حرکت، چیزوں کو مؤثر طریقے سے پکڑنے کی صلاحیت اور شور میں کمی سمیت کئی بہتریاں کی گئی ہیں۔
1X کمپنی NEO Gamma کو جلد از جلد گھروں میں متعارف کرانے کے لیے متعدد پروٹو ٹائپس کو منتخب گھروں میں بھیج کر جانچ کر رہی ہے۔