• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قدیم الفلاح اقامت گاہ کو منہدم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مسیحی برادری

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مسیحی برادی کے عدنان عارف جہانگیر نے کوئٹہ کے اسپنی روڈ پر 55 سالہ قدیم الفلاح اقامت گاہ ، سماجی و ثقافتی مرکزکی عمارت گرانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت کو منہدم کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر روز جان اے خان ، عمران صدیق ، عدیل فرانسس سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ الفلاح اقامت گاہ کی تعمیر کا مقصد پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباء کو تعلیم سے آراستہ کرنا اور ان کی صلاحیتوں کے مطابق ان کے مستقبل کے انتخاب میں ان کی مدد کرنا تھا ، ادارے کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ، ادارے سے 1200 سے زائد طلباء اور 800 کے قریب خاندان مستفید ہوئے ادارئے کی لازوال خدمات کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان میں آباد مسیحی کمیونٹی اپنے پاؤں پر کھڑی دکھائی دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الفلاح اقامت گاہ ، سماجی و ثقافتی مرکز فادر آٹو پوسٹما کی ذاتی ملکیت تھی اور ایک ٹرسٹ بیرون ملک سے وصول ہونے والی مالی مدد سے محروم اور پسماندہ طبقات کی ترقی اور بحالی کیلئے کام کررہا تھا ، فادر آٹو پوسٹما کی وفات کے بعد اس ادارے کی حقیقی وارث اور اسٹیک ہولڈر مسیحی کمیونٹی ہے ، ادارئے کی عمارت کی تعمیر اور قیام میں چرچ نے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور نہ ہی کوئی مالی مدد فراہم کی ۔انہوں نے کہا کہ ایک غیر سرکاری تنظیم نے جو وسائل فراہم کیے وہ ایک شخص اپنی ذات کیلئے استعمال کررہے ہیں ،جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کوئٹہ سے مزید