• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کے حقوق پر عملدرآمد اصل چیلنج ہے‘ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ

کوئٹہ(خ ن) وزارت ہیومن رائٹس حکومت پاکستان کے زیراہتمام اور ویمن ڈویلپمنٹ کے تعاون سے ویمن رائٹس اینڈ جینڈر وائلینس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ سائرہ عطاء نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،تقریب میں اسفندیار بادینی ریجنل ڈائریکٹر منسٹری آف ہیومن رائٹس ،اختر کھیتران ڈائریکٹر اسکولز،پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ اورنگزیب زیب،ممبر این سی ایچ آر،سول سوسائٹی کے نمائندے، خواتین کے حقوق سے متعلق متعلقہ اداروں کے حکام سمیت دیگر نے شرکت کی۔تقریب میں خواتین کے حقوق، درپیش مسائل،ہراسگی کے خلاف بنائے گئے قوانین اور انہیں آئین و قانون کے مطابق مساوی درجہ دینے کی پاسداری پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے اہم قوانین بنائے جا چکے ہیں، لیکن اصل چیلنج ان پر موثر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے اور ان کے تحفظ کے لئے سخت اقدامات کر رہی ہے تاہم قوانین پر مکمل عمل درآمد کے بغیر مثبت نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور ہراسانی کے واقعات کو روکنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ خواتین کے تحفظ کے قوانین پر سختی سے عمل کریں اور متاثرہ خواتین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر اسفندیار بادینی نے کہا کہ معاشرے میں اکثر خواتین کو بعض اہم امور میں نظر انداز کیا جاتا ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنی وزارت کے مینڈیٹ کے مطابق سنجیدہ کوششوں سے خواتین کے حقوق کا تحفظ آئین اور قانون کے مطابق کیا جاسکے۔
کوئٹہ سے مزید