کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج، منافع کی خاطر فروخت کا دباو بڑھنے سے مارکیٹ میں مندی کا رحجان ،کے ایس ای 100 انڈیکس میں 666پوائنٹس کی کمی،ایک لاکھ 14 ہزار کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہی، 58.29 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی،سرمایہ کاری مالیت 78 ارب 86 کروڑ 33 لاکھ روپے کم ہو گئی ،تاہم کاروباری حجم 29.07فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی ٹریڈنگ کے آغاز پر تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس میں 234پوائنٹس تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا لیکن اس کے بعدمالیاتی اداروں کی جانب سے منافع کی خاطر فروخت کا رحجان بڑھ گیا جس سے گذشتہ 2روز سے جاری زبردست تیزی مندی میں بدل گئی اوراختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 665.76پوائنٹس کی کمی سے 114528.09 پوائنٹس سے کم ہو کر 113862.33پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس 298.09 پوائنٹس کی کمی سے 35400.86 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 395.97پوائنٹس کی کمی سے 70589.57پوائنٹس پر آگیا،مارکیٹ میں مجموعی طور پر 446کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا،126 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،260 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 60 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی،فروخت بڑھنے سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 78 ارب 86 کروڑ 33 لاکھ 39 ہزار روپے کی کمی سے 14050ارب 53 کروڑ 90 لاکھ 61 ہزار روپے ہو گئی۔