بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا نے انکشاف کیا ہے کہ 30 برس عمر ہونے باوجود ان کےلیے گھر میں رات کے اوقات میں کرفیو کا سا ماحول ہوتا تھا، لیکن یہ کرفیو ظہیر کیلئے توڑا تو ڈانٹ پڑی۔
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے حالیہ انٹرویو میں اپنی سخت پرورش سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے اور بتایا کہ انہیں 32 سال کی عمر تک رات ڈیڑھ بجے کا کرفیو فالو کرنا پڑتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ والدہ پونم سنہا ہمیشہ ان کی دیر رات واپسی پر نظر رکھتی تھیں اور کئی بار انہیں چھپ کر گھر آنا پڑتا تھا تاکہ سوالات سے بچ سکیں۔
سوناکشی سنہا نے انٹرویو میں مزید بتایا کہ جب بھی انہوں نے کرفیو توڑا، وہ صرف ظہیر اقبال کےلیے تھا اور اس کی وجہ سے انہیں ڈانٹ بھی سننی پڑتی تھی۔
اپنی زندگی کے سخت اصولوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے سوناکشی نے کہا، ’میں ایک قلعے نما اپارٹمنٹ میں رہتی تھی۔ میں دسویں منزل پر تھی جبکہ میرے ماں باپ پانچویں منزل پر رہتے تھے۔‘
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سوناکشی نے کہا کہ ’’وہاں ایک سخت مزاج ٹیلیفون آپریٹر مسٹر جھا موجود تھے۔ جیسے ہی میری گاڑی بلڈنگ میں داخل ہوتی، وہ فوراً پانچویں منزل پر فون کرکے اطلاع دیتے کہ ’بےبی پہنچ گئی ہیں‘۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’کئی بار میں نے اپنے ملازم سے کہا کہ مسٹر جھا سے کہے کہ وہ والدین کو اطلاع نہ دے۔ جب اگلے دن ماں مجھ سے پوچھتی کہ میں کتنے بجے واپس آئی، تب میں سمجھ جاتی کہ جھا نے اطلاع نہیں دی، تو میں جھوٹ بول دیتی۔ میرا خیال ہے کہ یہ ہر گھر کی کہانی ہے۔‘
سوناکشی نے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ اکثر ان سے شکایت کرتیں کہ ’یہ اچھا نہیں لگتا‘ اور والد کو بھی شکایت لگانے کی دھمکی دیتی تھیں حالانکہ ان کے والد شتروگھن سنہا بہت نرم مزاج ہیں۔