7 سیاروں کی پریڈ کے تاریخی لمحے کی پہلی نایاب تصویر منظرِ عام پر آگئی۔
دنیا کے مشہور فلکیاتی فوٹوگرافر جوش ڈوری نے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے پہلی بار زمین سمیت 7 سیاروں کو ایک ہی فریم میں قید کیا ہے۔
یہ حیرت انگیز تصویر ایک نایاب فلکیاتی واقعے کے دوران لی گئی، جسے عظیم سیارہ جاتی پریڈ (Great Planetary Parade) کہا جاتا ہے۔
اس انوکھے نظارے میں نظام شمسی کے تمام 8 سیارے ایک ساتھ قطار میں آتے ہیں۔
یہ نظارہ 22 فروری کو انگلینڈ کے مینڈپ ہلز (Mendip Hills ) سے دیکھا گیا، اور جوش ڈوری کی اس تصویر کو تاریخی اہمیت حاصل ہوگئی، کیونکہ یہ 1982 کے بعد پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سیارے ایک ساتھ دکھائی دیے۔
مرکری، سیٹرن اور نیپچون جیسے کم روشنی والے سیاروں کو کیمرے میں قید کرنے کے لیے ڈوری نے ایک خاص پینورامک فوٹوگرافی تکنیک استعمال کی۔ انہوں نے متعدد تصاویر کو جوڑ کر ایک پینورامک امیج تیار کی ہے۔
جوش ڈوری کا کہنا ہے کہ میں نے ایک پینوراما امیج میں 7 سیاروں کو قید کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، یہ 9 تصاویر سے بنی ہے، جس میں خاص طور پر زحل، عطارد اور نیپچون شامل ہیں، ان تینوں سیاروں کو دیکھنا انتہائی مشکل تھا، میں نے کئی ایپلیکیشنز اور اسپیس میپس کا استعمال کیا تاکہ ان کی درست پوزیشن کی تصدیق کر سکوں۔
واضح رہے کہ آج غروب آفتاب کے بعد ایک شاندار فلکیاتی لمحہ آنے والا ہے، جب نظام شمسی کے تمام سیارے ایک ساتھ آسمان میں نظر آئیں گے۔
یہ حیرت انگیز فلکیاتی منظر دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا جا سکے گا، اگلی بار تمام سیارے 2040 میں ایک ساتھ قطار میں آئیں گے۔