• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیارے افضل اور نوری نتھ نے قتل کیے اور دونوں کو سزا ملی: حمزہ علی عباسی

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

مشہور اداکار حمزہ علی عباسی حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے دو مشہور کرداروں پیارے افضل اور نوری نتھ کے بارے میں گفتگو کی۔

حمزہ علی عباسی نے پیارے افضل کے کردار سے شہرت حاصل کی، جو ان کے ابتدائی ڈراموں میں سے ایک تھا، اس کے بعد انہوں نے فلموں میں بھی کام کیا اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 

ان کے مقبول ڈراموں میں پیارے افضل، من مائل، اور نور جہاں شامل ہیں، جبکہ ان کی فلموں میں پرواز ہے جنون، جوانی پھر نہیں آنی اور دی لیجنڈ آف مولا جٹ شامل ہیں۔

پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے کہا کہ یہ دونوں کردار ایسے افراد کے تھے جو اپنی زندگی میں جرائم کر چکے تھے، پیارے افضل نے بھی کچھ لوگوں کو قتل کیا تھا اور نوری نتھ نے بھی کئی بے گناہ لوگوں کی جان لی۔

ادکار نے مزید کہا کہ پیارے افضل اور نوری نتھ کے کرداروں کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ انہیں اپنی غلطیوں کی سزا ملی، دونوں جانتے تھے کہ انہوں نے غلط راستے کا انتخاب کیا ہے اور آخر میں انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔

اپنی اداکاری کے انداز  پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں میتھڈ ایکٹر نہیں ہوں، میں بس ڈائریکٹر کی ہدایت پر کردار میں آ جاتا ہوں اور جیسے ہی کٹ کی آواز آتی ہے میں واپس اپنی اصل زندگی میں لوٹ آتا ہوں، شاید یہی وجہ ہے کہ میں بہت مضبوط اداکار نہیں ہوں۔

حمزہ علی عباسی کی اس عاجزانہ رائے کو ان کے مداحوں نے خوب سراہا ہے۔

 سوشل میڈیا پر شائقین نے پیارے افضل اور نوری نتھ کے کرداروں کی تعریف کی ہے اور حمزہ کی سادگی اور حقیقت پسندی کی داد دی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید