• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’رشمیکا مندانا نے کنڑ سنیما اور ثقافت کو نظر انداز کیا، کیا سبق سکھانے کی ضرورت نہیں؟‘

بھارتی سیاستدان نے اداکارہ رشمیکا مندانا پر کنڑ زبان کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور سبق سکھانے کی دھمکی دے دی۔

کانگریس سے تعلق رکھنے والے کرناٹک اسمبلی کے رکن روی کمار نے اداکارہ پر بنگلور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت سے انکار پر ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ رشمیکا مندانہ کو ہم نے فلم فیسٹیول میں مدعو کیا، ہمارے ایک قانون ساز دوست انہیں دعوت دینے کےلیے گھر بھی گئے لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

کانگریس ایم ایل اے نے کہا کہ اداکارہ نے دعوت نامے کے جواب میں کہا کہ میرا گھر حیدرآباد میں ہے، مجھے نہیں معلوم کرناٹک کہاں ہے، میں نہیں آسکتی، میرے پاس وقت بھی نہیں ہے۔

روی کمار نے دوران گفتگو اداکارہ پر کنڑ سنیما اور ثقافت کو نظر انداز کرنے کے الزامات لگائے اور کہا کہ اداکارہ صوبے میں پلی بڑھی ہیں، یہاں سے ہی انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔

انہوں نے رشمیکا مندانا کے رویے پر ناراضی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی استفسار کیا کہ کیا اس نوعیت کے اقدام پر انہیں سبق سکھانے کی ضرورت نہیں؟

اس سے قبل فلم چھاوا کے ایک ایونٹ میں کنڑ مداحوں نے اداکارہ پر اپنی جڑوں سے انکار کا الزام لگایا، ایونٹ کے دوران رشمیکا نے کہا تھا کہ میں حیدرآباد سے ہوں اور تنہا آئی ہوں، پرامید ہوں کہ میں بھی آپ سب کا حصہ ہوں۔

کنڑ سنیما کے مداحوں کو رشمیکا مندانا کے بیان پر مایوسی ہوئی کیونکہ اداکارہ کرناٹک کے علاے کورگ سے تعلق رکھتی ہیں، ان کی پہلی فلم کرک پارٹی بھی کنڑ زبان میں ریلیز ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید