گلوکار میکا سنگھ نے بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو کے کیریئر پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گھر پر بیٹھی ہیں، انہیں کام کیوں نہیں مل رہا؟
بھارتی اداکارہ بپاشا باسو گزشتہ 5 سال سے اسکرین سے غائب ہیں، ان کا آخری پراجیکٹ ڈینجرس تھا، جس میں وہ اپنے شوہر کرن سنگھ گروور کے ساتھ نظر آئی تھیں۔
اس ویب سیریز کی ہدایت کاری بھوشن پٹیل نے دی تھی، جب کہ اسے پروڈیوس میکا سنگھ نے کیا تھا۔
اب میکا سنگھ نے بپاشا باسو اور کرن سنگھ گروور کے ساتھ کام کرنے کے اپنے ناخوشگوار تجربے پر بات کی ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آپ کو کیوں لگتا ہے کہ وہ دونوں آج کل بے روزگار ہیں؟ خدا سب کچھ دیکھ رہا ہے۔
میکا سنگھ نے انکشاف کیا کہ میں کرن سنگھ گروور کے ساتھ یہ سیریز بنا رہا تھا اور کسی دوسری ہیروئن کو کاسٹ کرنے کا ارادہ تھا، لیکن بپاشا باسو نے خود کو اس پراجیکٹ کا حصہ بنا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ شوٹ لندن میں ہونا تھا اور بجٹ 4 کروڑ روپے سے بڑھ کر 14 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، بپاشا باسو کے ڈرامے کی وجہ سے مجھے ہمیشہ اس پروڈکشن میں شامل ہونے پر افسوس رہے گا۔
میکا سنگھ نے وضاحت کی کہ میں نے کبھی بھی بپاشا باسو یا کرن سنگھ گروور کی ادائیگی روکی نہیں تھی، لیکن ڈبنگ کا عمل مکمل کرنا بھی ایک بڑا چیلنج ثابت ہوا، کبھی بپاشا باسو کا گلے کی خرابی کا بہانہ ہوتا تھا، تو کبھی کرن بیمار ہو جاتے تھے، ہر وقت کوئی نہ کوئی مسئلہ کھڑا کر دیا جاتا تھا۔
میکا سنگھ نے کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اداکار صرف بڑے بینرز کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں اور چھوٹے پروڈیوسرز کی عزت نہیں کرتے، جب کچھ بے روزگار ہیروئنز یہ سوچ رہی ہوتی ہیں کہ ان کی قسمت خراب ہے، تو انہیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ کون پروڈیوسر انہیں موقع دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اداکار چھوٹے پروڈیوسرز کی بے عزتی کرتے ہیں، لیکن دھرما پروڈکشنز جیسی بڑی کمپنیوں میں معمولی کردار ادا کرنے پر خوش ہوتے ہیں۔
میکا سنگھ کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف ردِ عمل دیا ہے، کچھ لوگوں نے ان کی حمایت کی، جب کہ کچھ نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔