بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے والدہ سونی رازدان سے کوکنگ سیکھنا شروع کر دی۔
عالیہ بھٹ نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو کے آغاز میں عالیہ بھٹ کچن میں اپنی والدہ کے ہمراہ کچن میں داخل ہوتے ہوئے کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ آج میں کچن میں ہوں اور یہ میرا نہیں بلکہ میری والدہ کا کچن ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں پچھلے کئی سال سے اپنی والدہ سے یہ کہہ رہی ہوں کہ مجھے آپ سے کوکنگ سیکھنی ہے کیونکہ سب لوگ کہتے ہیں کہ ماں کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا دنیا کا سب سے بہترین کھانا ہوتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ والدہ کے ہاتھ سے بنا ہوا کھانا کسی بڑے ریسٹورینٹ اور مشہور شیف کے ہاتھ سے بنے ہوئے کھانے سے بھی زیادہ بہترین ہوتا ہے اور میں فخر سے یہ کہتی ہوں کہ میری ماں کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا دنیا میں سب سے بہترین ہے۔
عالیہ بھٹ نے بتایا کہ والدہ کے ہاتھ کے بنے ہوئے کچھ پسندیدہ کھانے جو کھاتے ہوئے ہم بڑے ہوئے ہیں اب بھی جب ہم گھر آتے ہیں تو وہ کھانے کھاتے ہیں کیونکہ میری والدہ اب ہمارے پسندیدہ کھانے اپنی نواسی راہا کے لیے بناتی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ آج میں والدہ سے میک اینڈ چیز بنانا سیکھوں گی۔
اس کے بعد ویڈیو میں عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان اُنہیں میک اینڈ چیز بنانے کے لیے درکار ضرور اجزاء کے بارے میں بتاتی ہیں اور پھر بنانا شروع کرتی ہیں۔
ویڈیو میں سونی رازدان بالکل روایتی ماؤں کی طرح کھانا بنانا سکھاتے ہوئے عالیہ بھٹ کو ڈانٹتی بھی نظر آئیں اور والدہ سے ڈانٹ پڑنے پر عالیہ بھٹ کا ردِعمل بھی بالکل روایتی بیٹیوں جیسا ہی تھا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین والدہ سے کھانا بنانا سیکھنے پر عالیہ بھٹ کی خوب تعریفیں بھی کر رہے ہیں۔