پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار فہد مصطفیٰ کی رمضان اسپیشل گیم شو کے دوران اداکارہ ثناء جاوید سے دلچسپ نوک جھونک ہوئی ہے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کے مشہور رمضان گیم شو کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جس کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو کلپس میں میزبان فہد مصطفیٰ نے اداکارہ ثناء جاوید پر مزاحیہ تبصرہ کیا۔
کھیل کے دوران ثناء جاوید نے فہد مصطفیٰ سے کہا کہ مجھے یہاں لڑکے نظر نہیں آ رہے، براہِ مہربانی کھیل کے لیے کچھ لڑکے ڈھونڈنے میں مدد کریں۔
اس پر فہد نے جواب دیا کہ یہاں بہت سے لڑکے موجود ہیں، ہجوم میں دیکھیں! اب میں آپ کے لیے مزید لڑکے نہیں ڈھونڈوں گا، میں نے پہلے ہی آپ کے لیے ایک ڈھونڈ لیا ہے۔
اس تبصرے کے بعد ثناء جاوید نے مسکراتے ہوئے فہد کو روکنے کی کوشش کی۔
یہ مزاحیہ تبصرہ دراصل ثناء جاوید اور کرکٹر شعیب ملک کی شادی کی طرف اشارہ تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں کی ملاقات گیم شو کے سیٹ پر ہوئی تھی، جہاں سے ان کی دوستی کا آغاز ہوا جو بعد میں محبت میں تبدیل ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، ایک صارف نے فہد مصطفیٰ کو رشتے کرانے والی پھوپھو کا لقب دیتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی وجہ سے یہ رشتہ ممکن ہوا۔
کچھ کا کہنا ہے کہ فہد مصطفیٰ نے ثنا کو روسٹ کیا اور وہ طنز کی مستحق ہیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے تبصرہ کیا کہ انہیں شادی کے بعد گیم شو میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا۔
اس دوران شعیب ملک کے مداحوں نے ثانیہ مرزا کی تعریف کی اور انہیں یاد کیا۔