پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ماڈل زاہد احمد نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 5، 6 سال سے 5 وقت نماز کی پابندی کر رہے ہیں۔
زاہد احمد نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے اپنے روحانی شخصیت ہونے، جنات کے اثرات، نجی و پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق کھل کر بات کی۔
زاہد احمد نے بتایا کہ مجھے ایک بار احساس ہوا کہ میں اس دنیا میں بہت زیادہ کھو چکا ہوں، اس دنیا میں آنے کا مقصد بہت بڑا ہے، ہمیں اس دنیا میں صرف کما کر، بل ادا کر کے نہیں چلے جانا ہے، زندگی کے اور بھی مقاصد ہیں۔
اداکار نے کہا کہ دنیا کی ہر آسائش کا تجربہ کرنے کے بعد بھی میں اندر سے مطمئن نہیں تھا، لاہور سے کراچی آنے کے بعد میں یہاں اکیلا تھا، والدین لاہور میں تھے، میں یہاں اکیلا تھا جو چاہتا کر سکتا تھا، میں نے جو چاہا کیا بھی مگر میں خود کو پرسکون نہیں محسوس کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سکون ڈھونڈنے کے لیے میں نے اللّٰہ کے آگے خود کو سرینڈر کر دیا تھا، میں نے اللّٰہ کی رضا میں اپنی رضا ڈھونڈی اور گزشتہ کئی سال سے میں 5 وقت نماز کی پابندی کرتا ہوں اور بہت خوش اور مطمئن ہوں۔
اداکار نے شو کے دوران اپنی پسندیدہ اداکاراؤں سے متعلق بھی بات کی۔
اداکار کے مطابق ان کی پسندیدہ اداکارہ یمنیٰ زیدی، صبا قمر اور سونیا حسین ہیں۔