کوئٹہ(خ ن) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کی خصوصی ہدایات پر رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور محفوظ اشیاء خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بی ایف اے انسپکشن ٹیمیں صوبے بھر میں مسلسل متحرک ہیں۔حالیہ کارروائیوں کے دوران ناقص اور مضر صحت خوراک کی تیاری و فروخت پر کوئٹہ، لورالائی اور گوادر میں 30 سے زائد کھانے پینے کے مراکز کے خلاف سخت اقدامات کئے گئے۔ سرکی روڈمیں ایک ناقص مصالحہ بنانے والا یونٹ سیل کردیا گیا، جبکہ ایک چائے کی پتی کے گودام کے مخصوص حصے کو بھی ناقص صفائی اور نامناسب انتظامات کے باعث سربمہر کیا گیا۔ گودام سے چائے کی پتی کے متعدد نمونے لیبارٹری تجزیئے کے لئے بھجوا دیئے گئے ۔مزید برآں مغربی بائی پاس پر غیر معیاری گوشت فروخت کرنے پر پانچ دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ کاسی روڈ اور گردونواح میں دودھ اور دہی میں ملاوٹ پر پانچ دودھ فروشوں کو جرمانہ کیا گیا۔لورالائی میں بی ایف اے کی زونل انسپکشن ٹیم نے مختلف بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کی خصوصی چیکنگ کی، جس کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر پانچ بیکری مالکان کے خلاف ایکشن لیا گیا۔اسی طرح گوادر میں بھی ایک ریسٹورنٹ کو صفائی کی خراب صورتحال پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان بی ایف اے کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران خوراک کی تیاری، اسٹوریج اور فروخت کے تمام مراحل کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔