108 سالہ جاپانی خاتون شیتسوئی ہاکوئشی Shitsui Hakoishi نے دنیا کی معمر ترین حجام کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے جاپان سے تعلق رکھنے والی 108 سالہ خاتون کو دنیا کی معمر ترین خاتون حجام (باربر) کے اعزاز سے نوازا ہے۔
ٹوکیو میں نیوز کانفرنس میں شیتسوئی ہاکوئشی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں تک صرف اپنے گاہکوں کی بدولت پہنچی ہوں، میں بے حد خوش ہوں۔
9 دہائیوں سے بطور حجام کام کرنے والی ہاکوئشی نے واضح کیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔
انہوں نے پُرعزم انداز میں کہا کہ میں اس سال 109 برس کی ہونے والی ہوں اور میں اس وقت تک کام کرتی رہوں گی جب تک 110 سال کی نہ ہو جاؤں۔
شیتسوئی ہاکوئشی نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر اپنا پہلا سیلون کھولا، مگر 1937ء میں چین اور جاپان کی جنگ کے دوران ان کے شوہر چل بسے۔
اس کے بعد 10 مارچ 1945ء کو امریکا کی ٹوکیو پر ہولناک بم باری میں ان کا سیلون بھی تباہ ہو گیا۔
انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور 8 سال کی جدوجہد کے بعد بالآخر اپنے آبائی علاقے ناکگاوا میں دوبارہ اپنا سیلون کھولا۔