پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ نامناسب سوالات پوچھے جانے پر میں نے ایک پوڈکاسٹر کا شو چھوڑ دیا تھا۔
نادیہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی۔
اس موقع پر اداکارہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو درپیش مسائل پر کھل کر بات کی اور مشورے دیے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نادیہ خان نے آج کل کے پوڈکاسٹ کے ٹرینڈ پر بھی بات کی۔
نادیہ خان نے پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دینے والی معروف شخصیات کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اداکاروں کو کسی بھی پوڈکاسٹ میں جاتے وقت یہ خیال رکھنا چاہیے کہ انہیں مختلف سوالات کر کے پھنسانے کی کوشش کی جائے گی، اداکار یا تو مکمل تیاری کے ساتھ جائیں یا پھر اپنے ساتھ کسی کو لے جائیں۔
نادیہ خان نے پوڈکاسٹ کا ذکر کرتے ہوئے یوٹیوبر و پوڈ کاسٹر (نادر علی) کا نام لیے بغیر اپنے انٹرویو کے تجربے پر بھی بات کی۔
اداکارہ نے نام لیے بغیر بتایا کہ جب میں ایک بہت مشہور پوڈکاسٹر کی پوڈکاسٹ میں گئی تو ان کی تیاری دیکھ کر بہت متاثر ہوئی، میں سمجھی کہ کوئی بہت ہی اچھا انٹرویو ہونے والا ہے، مگر ایک دو سوالات کے بعد ہی مجھے انہیں روکنا پڑ گیا۔
نادیہ خان نے مزید کہا کہ یوٹیوبر نے مجھے متنازع اور نامناسب سوالوں کے ذریعے پھنسانے کی کوشش کی جس پر میں نے جواب دینے کے بجائے ان کی کلاس لے لی۔
نادیہ خان کا کہنا ہے کہ میں پوڈکاسٹ چھوڑ کر بیٹھ گئی تھی، میں نے پوڈکاسٹر سے پوچھا کہ یہ کس قسم کے سوال ہیں؟ اس طرح شو ریکارڈ نہیں ہو سکتا، پھر جب تک پوڈکاسٹر نے مجھ سے معافی نہیں مانگی میں نے شو ریکارڈ نہیں کروایا۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں ایک سینئر اداکارہ ہوں، جو سوال پسند نہیں آئے میں نے ان کے جواب نہیں دیے، اداکاروں کو بھی متنازع اور نامناسب سوالوں کا بائیکاٹ کرنا چاہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوٹیوبرز کو صرف ویوز چاہیے ہوتے ہیں اور ہم اداکاروں کو اپنی عزت اور مقام دیکھنا چاہیے، اداکاروں کو اپنی سنیارٹی کا احساس کرنے کی ضرورت ہے اور ان لوگوں کو ایسے سوالات کرنے نہیں دینا چاہیے۔