جنوبی بھارت کی فلموں کے معروف اداکار، فلمساز، گیت نگار اور گلوکار وینکٹیش پرابھو کستوری راجہ المعروف دھنوش کے پروڈکشن ہاؤس نے ساؤتھ کی معروف اداکارہ نین تارا اور انکے شوہر وگنیش شیون سے ایک کروڑ روپے ہرجانہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
42 سالہ تامل سپر اسٹار دھنوش اور نین تارا، وگنیش شیون کے درمیان اختلافات اس وقت عوام کے سامنے آئے جب نین تارا کی ڈاکیومینٹری سیریز ’نین تارا: بیونڈ دی فیری ٹیل‘ ریلیز ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھنوش کے پروڈکشن ہاؤس ونڈربار فلمز پرائیویٹ لمیٹڈ نے 2015 کی فلم نانم راؤڈی ڈھان کی کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر سول سوٹ دائر کیا، جس میں نین تارا اور وگنیش شیون سے ایک کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کیس کے حلف نامے میں مذکورہ فلم کے ڈائریکٹر اور نین تارا کے شوہر وگنیش شیون پر غیر پیشہ ورانہ رویے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
حلف نامے کے مطابق وگنیش شیون نے فلم کے موقع پر دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے دوسری کاسٹ اور کریو کو نظر انداز کرکے اپنی توجہ صرف نین تارا پر مرکوز رکھی تھی۔