پشاور(وقائع نگار)الخدمت فاونڈیشن پشاور کے زیراہتمام گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی یتیم بچوں،بیواوں، ٹرانس جینڈر ، اور خصوصی افراد پر مشتمل معاشرے کے محروم طبقات کولاکھوں روپے مالیت کے رمضان فوڈز پیکجز فراہم کردیئے گئے۔جس میں آٹا،گھی،چینی،چاول،دالیں اور دیگر خوراکی اجناس شامل تھے۔جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹرمرکز الاسلامی سردارگڑھی جی ٹی روڈ پشاورمیں الخدمت فاونڈیشن کے تحت مستحقین میں رمضان فوڈپیکجزکی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 300 مستحق خاندانوں کو لاکھوں روپے مالیت کے اجناس پر مشتمل فوڈ پیکجز تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالدوقاص مہمان خصوصی تھے تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولانا ہدایت اللہ،الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب، صوبائی میڈیا منیجر نور الواحد جدون اور سرحدچیمبرآف کامرس کے ممبر حاجی سیف اللہ سمیت دیگر ضلعی ذمہ داران بھی موجود تھے۔