• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی تجربہ سرٹیفکیٹ کے اجراء میں نجی یونیورسٹی کے افسر کیخلاف مقدمہ درج

پشاور(جنگ نیوز) اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے نجی یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹو آفیسر یاسر خورشید اور شاہ فیصل کے خلاف مبینہ طور پر جعلی تجربہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے اور سرکاری خزانے سے ناجائز فائدہ اٹھانے پر ایف آئی آر درج کرلی۔ شکایات کے مطابق، یاسر خورشید نے شاہ فیصل کو ایک جعلی تجربہ سرٹیفکیٹ جاری کیا۔ جس کی بنیاد پر شاہ فیصل کو فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی میں ملازمت کے لیے 10 اضافی نمبرز دیئے گئے۔ جس سے انہیں نوکری مل گئی۔ معاملہ پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہونے پر یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام نے سرٹیفکیٹ کی توثیق کی تھی، تاہم ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے تازہ جوابی بیان میں اس کے جعلی ہونے کو واضح کیا گیا۔ اینٹی کرپشن کے آڈٹ کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ شاہ فیصل نے سرکاری خزانے سے تنخواہ کی مد میں کل 19 لاکھ روپے ناجائز طور پر وصول کیے۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے یاسر خورشید اور شاہ فیصل پر دھوکہ دہی اور دستاویزی جعل سازی کامقدمہ درج کیا ہے۔
پشاور سے مزید