پشاور (خصوصی نامہ نگار) عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر لو دی پنگ نے مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی سے ملاقات کی اور صحت عامہ کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت نے محکمہ صحت خیبرپختونخوا کو 7 کروڑ روپے مالیت کی ادویات اور طبی آلات کا عطیہ دیا۔ یہ ادویات اور طبی آلات صوبے میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور صحت خدمات کی بہتری کے لئے فراہم کئے گئے ہیں۔ عطیہ کئے گئے طبی آلات میں الٹراساونڈ، ایکسرے، پی سی آر مشین سمیت دیگر ضروری آلات شامل ہیں۔ مشیر صحت احتشام علی نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر لودپنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے ہمیشہ خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کی بھرپور معاونت کی ہے خصوصاً صحت عامہ کی ایمرجنسیز میں ادارے کا کردار قابلِ تحسین رہا ہے۔ انہوں نے عالمی ادارہ صحت سے درخواست کی کہ وہ صوبے میں پرائمری ہیلتھ کیئر اور امیونائزیشن کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں اپنا تعاون جاری رکھے۔ مشیر صحت نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دور افتادہ علاقوں میں صحت خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے عالمی ادارہ صحت کا تعاون ناگزیر ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر لودپنگ نے کہا کہ انہیں خیبر پختونخوا کے صحت سے متعلق چیلنجز کا بخوبی اندازہ ہے۔ ڈاکٹر لودپنگ نے کہا کہ عالمی سطح پر مالیاتی پالیسیوں میں تبدیلیوں کے اثرات عالمی ادارہ صحت پر بھی پڑے ہیں، تاہم خیبر پختونخوا ہمیشہ سے ادارے کی ترجیحات میں شامل رہا ہے۔