غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، قابض فوج نے مزید 2 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، جن میں ایک فٹبالر بھی شامل ہے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا نیوز کے مطابق، شباب رفح کلب کے کھلاڑی حمدان قشطہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے بعد شہید ہو گئے۔ انہیں اسرائیلی فوج نے گزشتہ دنوں رفح میں نشانہ بنایا تھا۔
اس کے علاوہ خان یونس کے مشرقی قصبے عبسان الجدیدہ میں بھی گزشتہ روز ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 لاشیں اسپتالوں میں پہنچائی گئیں، جن میں پانچ لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئی تھیں، جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔
7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں 48,515 فلسطینی شہید اور 111,941 زخمی ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ 19 جنوری 2025 کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہونے کے باوجود اسرائیل نے اس معاہدے کو 250 سے زائد مرتبہ توڑا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے ان خلاف ورزیوں میں فضائی حملے، زمینی دراندازی، اور امدادی قافلوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا شامل ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں گزشتہ ماہ تک مزید 115 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔