• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد امریکی بہن، بہنوئی اور سالے کیساتھ کال سینٹر چلانے والا ملزم گرفتار

کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے پاکستانی نژاد امریکی بہن ،بہنوئی اور سالے کے ساتھ ملکر غیر قانونی کال سینٹر چلانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 پلاٹ نمبر 12-J میں چھاپہ مارا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق بنگلے میں غیر قانونی کال سینٹر چلایا جا رہا تھا۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم محمد عمر اپنی بہن، بہنوئی اور سالے کے ساتھ مل کر غیر قانونی کال سینٹر چلا رہا تھا۔ سائبر کرائم حکام کے مطابق ملزمان "اسپوف کالز" کے ذریعے امریکی شہریوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کا قیمتی ڈیٹا چوری کرتے تھے اور چرائے گئے ڈیٹا کو اپنے غلط مقاصد کے لئیے استعمال کرتے تھے۔ملزمان خو کو غیر ملکی بینک کا نمائندہ بن امریکی شہریوں کے پرسنل ڈیٹا جس میں سوشل سیکورٹی نمبر، تاریخ پیدائش ، موبائل فون نمبر وغیرہ شامل ہے حاصل کرتے تھے۔ ابینک اکائونٹس اور کریڈٹ ،ڈیبٹ کارڈ سے متعلق ان کی خفیہ معلومات حاصل کرنے کے بعد یہ معلومات مختلف مرچنٹس کو منتقل کر دی جاتی تھیں اور پھر وہ پیسے کریپٹو کرنسی اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرتے تھے۔ملزمان اب تک متعدد امریکی شہریوں سے فراڈ کر چکے ہیں۔ایف آئی نے بتایا کہ پاکستان میں کال سینٹر محمد عمر اور اس کا سالا محمد کاشف آپریٹ کرتے تھے جبکہ امریکہ میں کال سینٹر کی غیر قانونی سرگرمیاں ملزم محمد عمر کی بہن مہرین اور اس کا شوہر شہریار اسلم ناتھا ہینڈل کرتے تھے ۔حکام نے بتایا کہ ملزمہ مہرین پاکستان نژاد امریکی شہری ہے ۔ملزم نے بتایا کہ اس کا سالا محمد کاشف اور بہنوئی شہریار اسلم ناتھا فراڈ کی گئی رقم کو ایل ایل سی اکائونٹ میں منتقل کرتے تھے،ملزم کی بہن اور بہنوئی نے اس مقصد کے لیے ایل سی سی فرم کھول رکھی تھی اور پھر اسی فراڈ کی گئی رقم کو مختلف چینلز ( ہنڈی ، بٹ کوائن ، بائنینس) کے ذریعے امریکی بینکوں سے منتقل کر کے غیر قانونی طور پر پاکستان بھیجتے تھے۔ملزم نے انکشاف کیا کہ غیر ملکی شہریوں کی ساری حساس معلومات اور کریڈٹ کارڈ کا ڈیٹا اسے اس کی بہن مہرین اور اس کا شوہر شہریار اسلم ناتھا دیتے تھے۔حکام نے بتایا کہ محمد عمر، محمد کاشف اور شہریار اسلم ناتھا اس غیر قانونی کال سینٹر میں پارٹنرز ہیں۔ایف آئی اے نے مقدمہ نمبر 20/2025 درج کر کے ملزم محمد عمر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید