کراچی( اسٹاف رپورٹر )ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے اپنے شوہر کی گرفتاری کے بعد ایف آئی اے افسر پر مبینہ طور پر رشوت مانگنے کا الزام عائد کر دیا۔ نجی بینکنگ گروپ کو 1ارب 20کروڑ کا نقصان پہنچا کر 54کروڑ کا فراڈ کا کیس میں گرفتار عاطف خان کی اہلیہ نادیہ حسین کا گرفتاری کے بعد پہلی مرتبہ اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پرموقف سامنے آیا ہے جس میں ان کی جانب سے ایف آئی اے افسر پر مبینہ طور پر رشوت مانگنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔نادیہ حسین کے مطابق ایف آئی اے افسر نے اس کی شوہر عاطف خان کی ضمانت کے لیے رشوت مانگی۔سوشل میڈیا اکائونٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں نادیہ حسین نے کہا کہ نعمان بھائی آپ نے مجھے بیٹا بولا،میں صرف اتنا جواب دوں گی۔ بیٹا اب تو تیری خیر نہیں۔نادیہ حسین نے مبینہ طور پر ایف آئی اے افسر سے بات چیت کی آڈیو وائرل کردی۔ عاطف خان کی گرفتاری کے حوالے سے نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ فراڈ کیس میں میرے شوہر کی گرفتاری کی خبر وائرل ہوئی۔ یہ سچ ہے کہ میرے شوہر ایف آئی اے کی کسٹڈی میں ہیں۔اس وقت صرف تفتیش کے لیے ایف آئی اے حراست میں ہیں۔ نادیہ حسین کا کہنا تھا بینک سیکیورٹی والے چنے بیچ کر سورہے تھے کہ اتنا بڑا فراڈ ان کی ناک کے نیچے ہوگیا اور ان کو پتہ بھی نہیں چلا۔اس میں میرے شوہر کا کتنا ہاتھ ہے، ہے بھی یا نہیں یہ وقت بتائے گا۔نادیہ حسین کے الزام پر ایف آئی اے کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم ایف آئی اے کا جواب موصول نہیں ہوا۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ نادیہ حسین کے خلاف سائبرکرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔