لاہور (کرائم رپورٹر،کرائم رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، ڈی آئی جی ایس پی یو، ڈی آئی جی ایڈمن لاہور، اے آئی جی فنانس، اے آئی جی ڈویلپمنٹ اینڈ لاجسٹکس اور ایس پی پی ایچ پی موجود تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، کمانڈنٹس پی سی، سہالہ، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس میں پیش رفت اور فنڈز کے استعمال کا جائزہ لیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیر تکمیل تمام پراجیکٹس دی گئی ٹائم لائن میں مکمل کرنے کا حکم دیا اور سکیموں کی انتظامی منظوری، ٹینڈرنگ کے بعد ڈویلپمنٹ ورک جلد شروع کرنیکی ہدایت کی۔ پولیس سٹیشنز سمن آباد، نواب ٹاؤن اور کوٹ لکھپت کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اپنی فورس اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم ہیں۔جس کے تسلسل میں سنگین بیماریوں کا شکار ملازمین اور انکے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 30 لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں۔علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔