اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مسلم مخالف تعصب میں پریشان کن اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتوں سے مذہبی آزادی کے تحفظ اور نفرت انگیز تقاریر کو روکنے کےلیے آن لائن پلیٹ فارمز پر زور دیا ہے۔
انتونیو گوتریس نے یہ ریمارکس ہفتہ کو ہر سال 15 مارچ کو منائے جانے والے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر کہے۔
دنیا بھر کے انسانی حقوق گروپس اور اقوام متحدہ نے غزہ پر اسرائیل کی 17 ماہ کی جنگ کے آغاز کے بعد سے اسلاموفوبیا، عرب مخالف تعصب میں اضافہ نوٹ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ میں کہا کہ انسانی حقوق اور وقار کی خلاف ورزی کرنے والی نسلی پروفائلنگ اور امتیازی پالیسیوں سے لے کر افراد اور عبادت گاہوں کے خلاف تشدد عدم برداشت، انتہا پسندانہ نظریات اور مذہبی گروہوں کے خلاف حملوں کی وسیع لعنت کا حصہ ہے۔
انہوں نے حکومتوں سے سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور مذہبی آزادی کا تحفظ کرنے کا مطالبہ کیا۔