پاکستان کی معروف اداکارہ سارہ خان کو اپنے برانڈ کو افورڈیبل کہنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
سارہ خان اپنی خوبصورتی، شاندار اداکاری اور دلکش مسکراہٹ کے باعث لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہیں اور وہ اپنے ورسٹائل کرداروں کی بدولت ٹیلی وژن انڈسٹری میں ایک منفرد مقام رکھتی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے اپنا کپڑوں کا برانڈ متعارف کروایا ہے، جس کا نام انہوں نے اپنی بیٹی علیانہ فلک کے نام پر رکھا ہے۔
چند روز قبل سارہ خان نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اپنی بیٹی علیانہ فلک کے ہمراہ شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے برانڈ کی تشہیر کی۔
اس دوران انہوں نے اپنے برانڈ کے ملبوسات کو افورڈیبل یعنی عام آدمی کی پہنچ میں قرار دیا۔
ان کے اس دعوے کو سوشل میڈیا صارفین نے سختی سے مسترد کر دیا اور انہیں جھوٹ بولنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
کئی ڈیجیٹل انفلوئنسرز اور انسٹاگرام پیجز نے ان پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ ان کے برانڈ کے ملبوسات کی قیمتیں عام عوام کی پہنچ سے بہت دور ہیں۔
سارہ خان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور دلچسپ تبصرے کیے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ بالواسطہ طور پر ہمیں غریب کہہ رہی ہیں!
کسی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ سارہ خان کی بات سن کر مجھے اپنی غربت کا شدت سے احساس ہونے لگا ہے۔
ابھی تک سارہ خان نے اس تنقید پر کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا لیکن سوشل میڈیا پر یہ معاملہ کافی زیر بحث ہے۔